کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ٹورنٹو سے کراچی پہنچنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایئر ہوسٹس سے لاکھوں روپے مالیت کے غیر قانونی موبائل فونز اور اسمارٹ واچز برآمد کر لیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق موبائل فونز کی مبینہ اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کی فضائی میزبان سمیرا آفتاب کینیڈا سے کراچی آنے والی فلائٹ پر بطور فلائٹ پرسر ڈیوٹی انجام دے رہی تھیں۔ دوران تلاشی ان کے سامان سے نان کسٹم پیڈ الیکٹرانکس سامان برآمد ہوا جس میں دو قیمتی آئی فون اور دو سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ موبائل فونز شامل ہیں۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران فلائٹ پرسر کے یونیفارم کیپ سے بھی تین اسمارٹ واچز برآمد ہوئی ہیں۔ کسٹمز نے برآمد شدہ تمام الیکٹرانک اشیا کو اپنی تحویل میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔