انٹرمیڈیٹ کامرس نتائج: ریگولر گروپ کی کامیابی کا تناسب 55.36 فیصد جبکہ پرائیویٹ میں 46.32 فیصد رہا

image

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی تینوں پوزیشنیں تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبات نے حاصل کی ہیں جو تابانیز کالج کے معیاری تدریسی نظام، اساتذہ اورطلبہ کی محنت کا واضح ثبوت ہے۔

چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبہ آمنہ بنت محمد عارف رول نمبر 119179 نے ٹوٹل 1100میں سے 993 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔ دوسری پوزیشن اسی کالج کی طالبہ مناہل ندیم بنت ندیم الحسن صدیقی رول نمبر 119180نے 983نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن بھی اسی کالج کی طالبہ شفا عامر بنت عامر حبیب صدیقی رول نمبر 119178 نے 969نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔

چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن عریشہ ایاز بنت ایاز اختر عطاری رول نمبر 422034 نے ٹوٹل 1100میں سے 914 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی، دوسری پوزیشن حفصہ بنت محمد عامر حنیف رول نمبر 421910 نے 901 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ جبکہ تیسری پوزیشن انوشہ بنت محمد صلاح الدین رول نمبر 422030 نے 874 نمبرز اے گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 26ہزار 432 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 25 ہزار 528 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 14ہزار 132 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 55.36 فیصد رہا۔

انہوں نے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ میں 235 امیدوار اے ون گریڈ، 1302 اے گریڈ، 2942 بی گریڈ، 4993 سی گریڈ، 4291 ڈی گریڈ اور 369 ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔

ناظم امتحانات زرینہ راشد نے مزید بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ کے امتحانات میں 1815 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 1699 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 787 امیدوار کامیاب قرار پائے، اس طرح کامیابی کا تناسب 46.32 فیصد رہا۔

انہوں نے بتایا کہ کامرس پرائیویٹ گروپ میں 2امیدوار اے ون گریڈ، 52 اے گریڈ، 166 بی گریڈ، 270 سی گریڈ، 270ڈی گریڈ، 26 ای گریڈ میں کامیاب ہوئے جبکہ ایک امیدوار پاس قرار پایا۔


Click here for Online Academic Results

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US