گل پلازہ کے 5.7 ارب روپے کی تقسیم پر تحفظات، 800 اصل مالکان محروم ہیں: بزنس مین الائنس

image

بزنس مین الائنس (بی ایم اے) کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر آصف سخی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 ستمبر کو ہونے والے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے انتخابات تاجر برادری کے مستقبل کا تعین کریں گے۔

انہوں نے برسرِ اقتدار گروپ کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 26 سال سے چیمبر پر براجمان بزنس مین گروپ نے شہر اور اس کی صنعت و تجارت کے لیے کچھ نہیں کیا، جس کی وجہ سے کاروبار اور صنعتیں مسلسل پنجاب منتقل ہو رہی ہیں۔

آصف سخی نے گل پلازہ کے متاثرین میں پانچ ارب 70 کروڑ روپے کی تقسیم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس تمام رقم کا فارنزک آڈٹ کرانے اور جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کی تقسیم میں شدید بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، جس دکاندار کی سالانہ ٹیکس ریٹرن 50 کروڑ روپے تھی اسے محض 2 کروڑ روپے دیے گئے، جبکہ 800 اصل دکان مالکان کو آج تک ایک روپیہ بھی نہیں مل سکا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ رقوم تنویر پاستا کے ساتھ مل کر تقسیم کی گئیں جو اس کیس میں نامزد ملزم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے کے باوجود مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمرے تک نصب نہیں کیے جا سکے، جبکہ کراچی چیمبر کی عمارت میں داخل ہو کر ایسا لگتا ہے جیسے انسان 1947 کے دور میں آگیا ہو۔ گزشتہ انتخابات بھی قواعد و ضوابط کے خلاف منعقد کیے گئے تھے، تاہم دو سالہ جدوجہد کے بعد اس سال انتخابات کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے تحت منعقد ہو رہے ہیں۔

آصف سخی نے زبیر موتی والا پر زور دیا کہ وہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے عملی کام کریں اور 16 لاکھ این ٹی این ہولڈرز سمیت پوری تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ 26 ستمبر کو بزنس مین الائنس کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US