پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری سے متعلق نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
بوئنگ کی جانب سے پی آئی اے کو نئے طیاروں کی خریداری کی نظرثانی شدہ تجویز فراہم کی جائے گی جبکہ طیاروں کی جلد فراہمی کے آپشنز بھی تلاش کیے جائیں گے۔ طیاروں کی فراہمی تک عبوری لیز کے انتظامات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ملاقات میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے پی آئی اے کے لیے مالی معاونت، انجنوں اور اسپیئر پارٹس کی خریداری، گراؤنڈ طیاروں کی مرمت اور انہیں دوبارہ آپریشنل کرنے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کی مینٹیننس اور بحالی کے معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔