بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن توسیع فنڈ سہولت (EFF) پروگرام کے تحت اقتصادی جائزے اور مذاکرات کے لیے کراچی میں موجود ہے، جہاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور ہوا ہے۔
اس سے قبل کراچی میں اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور منعقد ہوا تھا، جس میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے آئی ایم ایف وفد کو ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران مانیٹری پالیسی، معاشی شرح نمو، افراط زر (انفلیشن)، ترسیلات زر، زرمبادلہ کے ذخائر، درآمدات، ایکسچینج ریٹ، کرنٹ اکاؤنٹ اور درپیش معاشی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف کے وفد نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضے اور قیمتوں کے تعین کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ کراچی کے بعد آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد روانہ ہوگا، جہاں وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ تیکنیکی مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ اقتصادی جائزہ کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کو EFF پروگرام کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔