اسلام آباد کو صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ، تاجر تنظیموں کا جمعہ کو کنونشن طلب

image

وفاقی دارالحکومت کو صوبائی حیثیت دینے کے مطالبے پر اسلام آباد کی تاجر تنظیمیں بھی متحرک ہوگئی ہیں، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعہ کو اسلام آباد گورننس اینڈ صوبائی حیثیت کنونشن طلب کرلیا ہے، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی ہوں گے۔

کنونشن میں منتخب نمائندوں، بار ایسوسی ایشنز، تجارتی و صنعتی تنظیموں، مزدوروں، پیشہ ورانہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کنونشن میں اسلام آباد کو وفاقی اکائی کا آئینی درجہ دینے کے حوالے سے ایک مجوزہ چارٹر کی منظوری لی جائے گی۔

مجوزہ چارٹر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد کے لیے اپنی منتخب حکومت، اسمبلی اور وزیراعلیٰ کا نظام قائم کیا جائے، جبکہ 120 دن کے اندر صوبائی اسمبلی اور یونین کونسلوں کے انتخابات کرائے جائیں۔

چارٹر میں اسلام آباد سے وصول ہونے والے ٹیکسز اور فیسوں میں سے مناسب حصہ اسلام آباد کی مقامی حکومت کو دینے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے متبادل کے طور پر اسلام آباد کے لیے آبادی اور افراطِ زر سے منسلک سالانہ مالیاتی رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مجوزہ چارٹر میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کردار کو ماسٹر پلاننگ اور ریگولیٹری امور تک محدود کرنے جبکہ دیگر انتظامی امور اسلام آباد کی منتخب حکومت کو منتقل کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

چارٹر میں وفاقی حکومت کے اختیارات کو اسلام آباد میں امن و امان اور ماسٹر پلاننگ تک محدود رکھنے کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے الگ ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی ضمانت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

تاجر تنظیموں کے مطابق کنونشن کا مقصد اسلام آباد کے انتظامی، مالیاتی اور سیاسی ڈھانچے کے حوالے سے مختلف طبقات کی تجاویز کو یکجا کرنا اور مجوزہ چارٹر پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US