پی ایس او کا خالص منافع 15 ارب روپے سے تجاوز کرگیا

image

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال 26-2025 کے مالیاتی نتائج جاری کردیئے جس کے مطابق کمپنی نے 15 ارب روپے سے زائد کا خالص منافع حاصل کیا ہے جبکہ قبل از ٹیکس مجموعی منافع پہلی بار تقریباً 100 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔

پی ایس او کے مطابق مالی سال کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع 15.07 ارب روپے رہا جس کے نتیجے میں فی شیئر آمدنی 32.1 روپے رہی۔ کمپنی کا مجموعی منافع گزشتہ مالی سال کے 96.7 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 99.9 ارب روپے ہوگیا۔

گروپ کی مجموعی مالی کارکردگی میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی۔ پی ایس او گروپ کا بعد از ٹیکس منافع 25.49 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ مجموعی آمدنی 3.42 کھرب روپے رہی۔

کمپنی کے بنیادی کاروبار، ایل این جی کو نکال کر، کے مجموعی منافع میں 20.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 67.9 ارب روپے سے بڑھ کر 81.9 ارب روپے ہوگیا۔ پی ایس او کے مطابق ایل این جی کے شعبے میں 10.7 ارب روپے کے اتار چڑھاؤ کے باوجود بنیادی کاروبار نے ترقی کا سلسلہ جاری رکھا۔

پی ایس او کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جواد احمد چیمہ نے کہا کہ مالی سال 2026 کمپنی کے لیے ایک امتحان تھا تاہم کمپنی نے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کیا۔ ان کے مطابق پاکستان میں ایندھن کی فراہمی ایک دن بھی متاثر نہیں ہوئی اور اسے محفوظ انداز میں جاری رکھا گیا۔

کمپنی نے مالیاتی نظم و ضبط اور ورکنگ کیپیٹل مینجمنٹ پر بھی توجہ برقرار رکھی۔ تجارتی وصولیاں 437.5 ارب روپے سے کم ہوکر 414.8 ارب روپے رہ گئیں جبکہ صرف ایس این جی پی ایل سے وصولیوں میں 34.3 ارب روپے کمی ہوئی۔ ڈسکاؤنٹ ریٹس میں کمی اور دیگر اقدامات کے باعث مالیاتی اخراجات میں 24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

پی ایس او نے وائٹ آئل مارکیٹ میں 42.7 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی جبکہ ایوی ایشن فیول کے شعبے میں 99 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ اہم سپلائر کی حیثیت بھی برقرار رکھی۔ کمپنی کے مطابق سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں کو ایندھن فراہم کرکے 360 ملین ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا گیا۔

ریٹیل کاروبار میں بھی کمپنی نے توسیع کی اور ملک بھر میں پی ایس او کے آؤٹ لیٹس کی تعداد بڑھ کر 3,688 ہوگئی جبکہ سہولت اسٹورز کا نیٹ ورک بھی 350 سے زائد مقامات تک پہنچ گیا۔

پی ایس او کے مطابق مالی سال 26-2025 کی کارکردگی نے کمپنی کو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور متوازن مالی پوزیشن میں لانے میں مدد دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US