اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاسبان ریمیٹینس انعامی اسکیم کا اعلان

image

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاسبان ریمیٹینس انعامی اسکیم لانچ کرنے کا اعلان کردیا اسکیم کا آغاز یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی ترسیلات زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہیں جبکہ پاسبان اسکیم کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات بھیجنے پر براہ راست مالی انعامات دیے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کے لیے بینکوں نے رواں مالی سال 16 ارب روپے کے انعامات مختص کیے ہیں۔ ہر سہ ماہی میں 4 ارب روپے کے انعامات دیے جائیں گے اور پہلی قرعہ اندازی جنوری 2027 میں ہوگی۔

جمیل احمد نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ تین سال میں مارکیٹ سے 30 ارب ڈالر خریدے جبکہ ملکی زرمبادلہ ذخائر 27 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ اب ہدف ذخائر کو چار ماہ کی درآمدات کے برابر کرنا ہے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین منیر کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ڈالر بھیجنے پر بینکس کوئی چارج نہیں لیں گے جبکہ بھیجی جانے والی غیرملکی کرنسی خودکار طور پر ڈالر کی مالیت کے حساب سے کنورٹ ہوجائے گی۔

ان کے مطابق اسکیم میں شامل ہونے کے لیے تین ماہ مسلسل ایک ہی اکاؤنٹ میں ترسیلات بھیجنا ہوں گی۔ اکتوبر سے دسمبر کی سہ ماہی کے بعد انعامات کا اعلان جنوری 2027 میں کیا جائے گا اور نقد انعام اسی اکاؤنٹ میں منتقل ہوگا جس سے ترسیلات بھیجی گئی ہوں گی۔

ہر سہ ماہی 4 ارب روپے کے انعامات 2,451 اوورسیز پاکستانیوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ پہلا انعام 10 کروڑ روپے، دوسرا انعام 2.5 کروڑ روپے 20 افراد، تیسرا انعام ایک کروڑ روپے 100 افراد جبکہ چوتھا انعام 10 لاکھ روپے 2,400 افراد کو دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US