پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سہولت کاری سے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں سیکریٹری ایس آئی ایف سی نے عالمی بینک کے وفد سے اہم ملاقات کی، جس میں کاروباری قوانین اور ضابطہ جاتی نظام کو مزید آسان بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آسان کاروبار فریم ورک اور پاکستان بزنس پورٹل کے ذریعے کاروباری قوانین کو سادہ بنانے اور کاروباری اداروں کے لیے سہولتیں بڑھانے پر غور کیا گیا۔
عالمی بینک کے وفد نے کاروباری اصلاحات کے لیے ایس آئی ایف سی کے جامع طریقہ کار کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ اصلاحات کا مقصد ضابطہ جاتی عمل کو آسان بنانا، کاروباری اداروں پر تعمیلی بوجھ کم کرنا اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔