کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے سیشن 28-2026 کے لیے منعقد ہونے والے انتخابات میں برسراقتدار بزنس مین گروپ (BMG) نے اپوزیشن پینل 'بزنس مین الائنس' کو کلین سویپ کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی ہے۔
بزنس مین گروپ نے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ دونوں کلاسز کی تمام تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے چیمبر پر اپنا تسلط برقرار رکھا۔ انتخابات کے نتائج کے مطابق بزنس مین گروپ کے تمام 30 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
کارپوریٹ کلاس کی تمام نشستوں پر بی ایم جی کے امیدواروں نے بڑے فرق سے فتح حاصل کی۔ اس کلاس میں شاهد اسماعیل نے سب سے زیادہ 1,547 ووٹ حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مزمل چھیپل 1,540 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ مخالف پینل کے محمد طیب صرف 158 ووٹ حاصل کرسکے۔
ایسوسی ایٹ کلاس میں بھی بی ایم جی کا مکمل اور نمایاں غلبہ رہا۔ اس کلاس میں حاجی آصف چھاپیڈیا اور عامر منشا 1,501 ووٹ لے کر مشترکہ طور پر ٹاپ پر رہے، جبکہ محمد ابراہیم کسومبی نے 1,494 ووٹ حاصل کیے۔ اپوزیشن کے عبدالرؤف ابراہیم محض 196 ووٹ ہی حاصل کرسکے۔
پولنگ کے عمل میں مجموعی طور پر 3,582 ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ کارپوریٹ کلاس میں رجسٹرڈ 8,843 ووٹرز میں سے 1,799 (20.46 فیصد) جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کے 8,042 ووٹرز میں سے 1,783 (22.66 فیصد) تجار و صنعتکاروں نے ووٹ ڈالے۔
کامیابی کے بعد بزنس مین گروپ کی قیادت اور حامیوں نے جشن منایا اور تاجر برادری کا مسلسل اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا۔