فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کے لیے رضاکارانہ خصوصی ٹیکس اسکیم متعارف کرا دی، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا اور کاروباری افراد کو غیر ضروری انسپیکشن اور آڈٹ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اسکیم میں شامل ہونے والے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے والے دکانداروں کی دکانوں پر QR کوڈ والی خصوصی گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی، جو ان کی ٹیکس حیثیت کی علامت ہوگی۔ ایف بی آر کے مطابق اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کو محکمانہ انسپیکشنز، بار بار چھاپوں اور عمومی انکم ٹیکس آڈٹ سے تحفظ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ اسکیم میں شامل تاجروں کو ودہولڈنگ ٹیکس ایجنٹ بننے کی اضافی ذمہ داریوں سے بھی مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی خصوصی اسکیم کا بنیادی اصول ’’ایک دکان، ایک صفحہ، ایک فیصد‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت کاغذی کارروائی کو کم سے کم کیا گیا ہے۔
اسکیم مکمل طور پر رضاکارانہ ہے اور دکاندار اس میں شامل ہونے کے بجائے معمول کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔