نجکاری کمیشن بورڈ نے گیپکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے 9 کمپنیوں کو پری کوالیفائی کرلیا۔
پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں میں ترکیہ کی ایکٹور الیکٹرک، گینویرا انرجی اور چنگیز انرجی جبکہ پاکستان کی اینگرو انرجی، حب پاور، سفائر، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور اے کے ڈی سیکورٹیز شامل ہیں۔ گیپکو کی نجکاری کے لیے مجموعی طور پر 11 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
کے الیکٹرک نے نجکاری کی دوڑ سے اپنی درخواست واپس لے لی جبکہ الشریف کنٹریکٹنگ مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرسکی۔ پری کوالیفائی کمپنیوں کا ڈیو ڈیلیجنس عمل جلد ورچوئل ڈیٹا روم کے ذریعے شروع ہوگا۔
بورڈ نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی بھی منظوری دے دی جبکہ زیڈ ٹی بی ایل اور ایچ بی ایف سی ایل کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔