سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے والنٹری پینشن اسکیم (VPS) کے تحت 'پیسو ایکویٹی سب فنڈ' (Passive Equity Sub-Fund) متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس کی باقاعدہ فراہمی 1 جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔
ایس ای سی پی کے مطابق اس نئے فنڈ کا بنیادی مقصد پینشن بچت کنندگان کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے ایک سادہ، کم لاگت اور آسان آپشن فراہم کرنا ہے۔ پیسو ایکویٹی سب فنڈ مخصوص مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرکے کم اخراجات میں سرمایہ کاری کے فوائد فراہم کرے گا۔
یہ نیا فنڈ پہلے سے موجود ایکویٹی، ڈیٹ اور منی مارکیٹ سب فنڈز کے ساتھ لازمی طور پر دستیاب ہوگا، جس کے باعث پینشن بچت کنندگان کو ایکٹیو (Active) اور پیسو (Passive) فنڈز کے درمیان انتخاب کی سہولت میسر آئے گی۔ فنڈ مینیجرز اس فنڈ کو براہِ راست کسی بھی مخصوص مارکیٹ انڈیکس کو ٹریک کرکے یا پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں لسٹڈ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں سرمایہ کاری کے ذریعے چلا سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق ای ٹی ایف پر مبنی آپشن کے تحت سالانہ مینجمنٹ فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 0.75 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ اگر فنڈ مینیجر اپنی ہی کمپنی کے ای ٹی ایف میں سرمایہ کاری کرے گا تو اس پر کوئی اضافی فیس لاگو نہیں ہوگی۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اس حوالے سے بتایا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد طویل المدتی ریٹائرمنٹ بچتوں کے لیے آسان اور کم لاگت آپشنز کی فراہمی اور قومی پینشن نظام کو مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئے فنڈ سے بچت کنندگان کو ریٹائرمنٹ فنڈز کے لیے بہتر چوائس اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے سستا ذریعہ میسر آسکے گا۔