وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مالیاتی نظم اور انسانی ترقی میں سے کسی ایک کے انتخاب کی گنجائش نہیں جبکہ قرض لے کر ملک خوشحال نہیں بنایا جا سکتا۔
قومی ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حقیقی ترقی صرف انفراسٹرکچر پر سرکاری سرمایہ خرچ کرنے کا نام نہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا قومی اثاثہ 24 کروڑ انسانی ذہن ہیں جبکہ 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم، فنی مہارت اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری پاکستان کے معاشی مستقبل کی بڑی قوت بن سکتی ہے۔ مشرقی ایشیا کے ممالک نے بھی انسانی سرمایہ اور نجی شعبے کی ترقی کے ذریعے تیز معاشی ترقی حاصل کی۔