فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں اسلامی معاشی انضمام سمٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت نائب صدر ایف پی سی سی آئی قرۃ العین نے کی۔
تقریب میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا / ثاقب فیض چدھڑ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو، اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلاوی سمیت متعدد اسلامی ممالک کے سفیروں، قونصل جنرلز اور سفارت کاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک چیمبر کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلاوی نے اس بات پر زور دیا کہ مسلم دنیا کو اپنے مخصوص انداز میں معاشی روابط اور اکنامک ٹورازم کو فروغ دینا ہوگا۔
ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قرۃ العین نے بتایا کہ 57 مسلم ممالک کی مشترکہ معیشت 10 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے اور ان کے درمیان روزگار، تجارت، سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز اور سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔
چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان مسلم ممالک کے مابین معاشی تعاون کی مکمل سرپرستی کرے گی، جبکہ اس وقت اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانا سب سے اہم ہدف ہونا چاہیے۔
ایم این اے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی ممالک محض اپنی برآمدی صلاحیت (ایکسپورٹ پوٹینشل) کا مؤثر استعمال کر لیں تو پاکستان سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔
اس موقع پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو نے کہا کہ اسلامی دنیا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کی استواری پاکستان کے اقتصادی مستقبل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔