لکی موٹر کمپنی نے 10 سال کے دوران 1 لاکھ گاڑیاں فروخت کرنے کا سنگ میل عبور کرنے پر کیا سورینٹو (KIA Sorento) کے تین مختلف ویریئنٹس کی قیمتوں میں 8 لاکھ سے 25 لاکھ روپے تک کی بڑی کمی کا اعلان کر کے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نئی پروموشنل قیمتوں کی تفصیلات کے مطابق:
کیا سورینٹو ہائبرڈ فرنٹ ویل ڈرائیو (FWD): قیمت میں 8 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 1 کروڑ 54 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
کیا سورینٹو ہائبرڈ آل ویل ڈرائیو (AWD): قیمت میں 24 لاکھ روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت بھی کم ہو کر 1 کروڑ 54 لاکھ 99 ہزار روپے پر آ گئی ہے۔
کیا سورینٹو پلگ ان ہائبرڈ آل ویل ڈرائیو (PHEV AWD): قیمت میں 25 لاکھ روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 1 کروڑ 64 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑی کی ڈیلیوری کے وقت اگر سرکاری ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے تو اسے گاڑی کی حتمی قیمت میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔