کراچی میں آٹے کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں چکی کا آٹا 200 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں عام آٹا 161 روپے اور ریٹیل میں 165 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ فائن آٹے کی قیمت 176 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
کمشنر کراچی کے مقررہ نرخوں کے مطابق عام آٹا 122 روپے، فائن آٹا 132 روپے اور چکی کا آٹا 145 روپے فی کلو ہونا چاہیے۔ اس طرح چکی کا آٹا سرکاری نرخ سے 55 روپے تک مہنگا فروخت ہورہا ہے۔
ہول سیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹے کی 50 کلو بوری 8 ہزار 50 روپے اور فائن آٹے کی بوری 8 ہزار 800 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ دوسری جانب فلور ملز مالکان کی جانب سے سرکاری نرخوں پر آٹا فراہم نہ کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔