پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے ثمرات کو پیداواری سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ضروری ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے فاؤنڈرز کاربن نیٹ ورک (ایف سی این) کی قیادت میں پاکستان کے دورے پر آئے نیدرلینڈز کے کاروباری و سرمایہ کار وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ سمیت وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری تجارت اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور اقتصادی شراکت داری کے فروغ، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے قابلِ عمل مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے ترقی کا اگلا مرحلہ برآمدات میں اضافے، پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مبنی ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ساختی اصلاحات کا تسلسل اور نجی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جو تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنا اور بیرونی معاشی جھٹکوں کے مقابلے میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں معاشی استحکام، مالیاتی اور بیرونی شعبوں کی مضبوطی، ساختی اصلاحات، تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں اور زراعت کے لیے مالی سہولیات کی فراہمی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کی مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نجی سرمایہ متحرک کرنے اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری نے نجکاری اور سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کا کردار بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا، جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک نے معاشی استحکام، بیرونی شعبے کی مضبوطی، مالیاتی اصلاحات اور تجارتی سہولت کاری کی اہمیت اجاگر کی۔

نیدرلینڈز کے کاروباری وفد نے پاکستان میں کاروباری ماحول اور دوطرفہ تعاون کے امکانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنا کر تجارت، سرمایہ کاری اور طویل مدتی اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US