ملتان میں انسانیت سوز واقعہ، 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کردیا گیا

image

ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتول وسیم ایک این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا اور اسے سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر نذیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں مقتول کے خلاف چوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کے کام چھوڑ کر جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور اس پر گاڑی چڑھا دی گئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کو بھاگتے اور گاڑی سوار کو اس کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں گاڑی لڑکے پر چڑھنے کے مناظر بھی محفوظ ہیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقتول وسیم کا تعلق مظفرگڑھ سے تھا اور وہ تقریباً ساڑھے پانچ سال سے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا۔ اس کے چچا کے مطابق وسیم کی والدہ، ایک چھوٹا بھائی اور ایک چھوٹی بہن ہے۔ لڑکے کی نماز جنازہ موضع دولت پور میں ادا کرنے کے بعد اسے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

مقتول کے لواحقین نے حکومت سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ وسیم کے نانا اپنے نواسے کی موت پر غم سے نڈھال ہیں۔ واقعے نے کم عمر اور بے سہارا بچوں کے تحفظ اور ان کے ساتھ ہونے والے سلوک سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US