سرسید ٹاؤن پولیس اپنے ہی گھر میں مارے گئے کینیڈین جوڑے کے قتل کی گھتی تاحال نہ سلجھا سکی۔ دوسری جانب مقتولین کی میتیں کینیڈا منتقل کردی گئیں۔
واضح رہے کہ کینیڈین شہریت کے حامل 70 سالہ یامین اور ان کی 65 سالہ اہلیہ نفیسہ نارتھ کراچی سیکٹر 11 ناگن چورنگی کے قریب اماں بی پارک کے سامنے اپنے ہی گھر میں پُراسرار طور پر مردہ پائے گئے، جس نے پورے شہر میں سنسنی اور تجسس کی لہر دوڑا دی ہے۔
یہ ہولناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مقتول یامین کے بھائی انور نے محلے کے ایک پڑوسی کو یہ تشویشناک اطلاع دی کہ وہ صبح سے دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں اور اندر سے کوئی جواب نہیں آ رہا، جس پر سنسنی خیز ماحول میں جب اہل محلہ کو اکھٹا کر کے زبردستی دروازہ کھولا گیا تو اندر کا منظر دیکھ کر سب کے رونگٹے کھڑے ہوگئے جہاں بزرگ جوڑے کی بے جان اور تشدد زدہ لاشیں پڑی تھیں۔
پولیس اور فارنزک ٹیموں کی ابتدائی تحقیقات نے اس معاملے کو مزید پُراسرار اور پیچیدہ بنا دیا ہے کیونکہ قاتلوں نے انتہائی ہوشیاری سے واردات کو انجام دیا ہے، لاشوں کے سروں پر شدید نوعیت کے وار کرنے کے بعد گلا گھونٹ کر ان کی جان لی گئی، لیکن سب سے بڑا سوالیہ نشان یہ ہے کہ جائے وقوعہ سے قاتلوں کا کوئی سراغ یا آلہ قتل برآمد نہیں ہوا۔
اس اندھے قتل میں تجسس کا عنصر اس وقت مزید بڑھ گیا جب یہ انکشاف ہوا کہ مقتولین کے پاس موجود قیمتی موبائل فونز میں سے ایک پراسرار طور پر غائب ہے جو کسی اندرونی رابطے یا گہرے راز کی طرف اشارہ کرتا ہے، جبکہ تکنیکی شواہد کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ بنی کہ گھر کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا رخ عین اس گھر کی طرف فوکس ہی نہیں تھا جس کی وجہ سے قاتلوں کے اندر داخل ہونے کا منظر کیمرے میں محفوظ نہ ہو سکا۔
اس سنسنی خیز واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے لاشیں گھر سے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے اٹھائیں اور ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں ایدھی سرد خانے میں منتقل کیا۔
اس اندھے قتل کے پیچیدہ جال کو سلجھانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔
اس المناک اور سنسنی خیز کہانی کا ایک اور دردناک رخ یہ ہے کہ کینیڈا سے اڑان بھر کر پاکستان پہنچنے والے مقتولین کے غم سے نڈھال بچے کینیڈا کی شہریت کے حامل والدین کی میتیں لے کر دوپہر ٹھیک 1 بج کر 13 منٹ پر واپس کینیڈا روانہ ہوگئے جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔