نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹرز سے 59 افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران 27 لیپ ٹاپ، 30 کمپیوٹر سسٹمز اور 47 موبائل فون برآمد کیے گئے۔ پہلی کارروائی میں امریکی ٹیلی کام کمپنیوں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون کے نمائندے بن کر صارفین کو موبائل اپ گریڈ اور رعایتی پیکجز کی جعلی پیشکشوں کے ذریعے مبینہ طور پر دھوکا دینے والے 30 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں اوبر ایٹس سے منسلک ریسٹورنٹس کے ادائیگی اکاؤنٹس کی معلومات اور تصدیقی کوڈز حاصل کرنے کے الزام میں 14 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ان معلومات اور تصدیقی کوڈز کی مدد سے رقوم دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کرتے تھے۔
تیسری کارروائی کے دوران امریکی شہریوں کو جعلی موبائل ڈیلز اور رعایتی پیکجز کا جھانسہ دینے کے الزام میں مزید 15 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر کی نگرانی میں کی گئیں۔ برآمد کیے گئے ڈیجیٹل آلات کی فارنزک جانچ اور گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
حکام نے سائبر کرائم اور آن لائن مالی فراڈ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔