ملتان میں یتیم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

image

ملتان میں 15 سالہ یتیم بچے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کا مرکزی ملزم توقیر نذیر مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق ملزم توقیر نذیر کو بچے کے قتل کے الزام میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا، تاہم وہ دورانِ ریمانڈ فرار ہوگیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر پولیس نے دو موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ اس دوران توقیر نذیر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔

ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں 15 سالہ وسیم عباس کا تعاقب کرنے اور اس پر تیز رفتار گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے تھے۔ ابتدائی طور پر واقعے کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مختلف کیمروں کی ویڈیوز میں سامنے آنے والے مناظر نے قتل کے شبہے کو تقویت دی۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق وسیم عباس ایک این جی او کے یتیم خانے میں رہتا تھا اور اسے واقعے سے سات روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے توقیر نذیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق بچہ کام چھوڑ کر جانا چاہتا تھا، جس پر اس کا تعاقب کیا گیا اور اس پر گاڑی چڑھا دی گئی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US