وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ہنڈی اور حوالہ کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے نقد اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کرلیے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ہدایات پر 20 اور 21 اکتوبر کو دو مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی میٹروپول سگنل کے قریب کی گئی جہاں روح اللہ ولد مسعود کو گرفتار کر کے 61 لاکھ 50 ہزار روپے نقد اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم دبئی سے درہم وصول کر کے بلیک مارکیٹ ریٹ پر پاکستان میں مختلف افراد کو پاکستانی روپے فراہم کرنے کے غیر قانونی نیٹ ورک میں ملوث تھا، جبکہ اس کے موبائل فون سے واٹس ایپ پر غیر قانونی لین دین کے شواہد بھی ملے ہیں۔
دوسری کارروائی جمشید روڈ پر واقع عدنان آٹوز (مکہ آرکیڈ) میں کی گئی جہاں محمد ندیم میمن ولد محمد اقبال کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ہنڈی حوالہ سے متعلق مبینہ ڈیجیٹل شواہد پر مشتمل دو موبائل فون برآمد ہوئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم جاپان میں گاڑیوں کی خریداری کے لیے دبئی کے ذریعے ادائیگیوں کا انتظام کرتا تھا جبکہ پاکستان میں متعلقہ رقوم غیر رسمی ذرائع سے ادا کی جاتی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی مزید جانچ جاری ہے۔