آسٹریلیا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی خبریں دینے والا صحافی خود ایک ایسی خبر کا حصہ بن گیا جس نے انسانیت کی خوبصورت مثال قائم کر دی۔ خطرناک سیلابی صورتحال کے دوران ایک رپورٹر براہِ راست کوریج میں مصروف تھا کہ اچانک اس کی نظر پانی میں پھنسی ایک گاڑی پر پڑی، جو تیزی سے ڈوب رہی تھی اور اس میں موجود ڈرائیور باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صحافی نے صورتحال دیکھتے ہی اپنی رپورٹنگ روک دی اور کیمرہ چھوڑ کر متاثرہ شخص کی مدد کے لیے پانی میں اتر گیا۔ اسی دوران ایک مقامی شہری بھی اس کے ساتھ شامل ہوگیا۔ دونوں نے مل کر ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکالا اور اسے محفوظ مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد لوگوں نے صحافی کی حاضر دماغی اور ہمت کو خوب سراہا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اس نے ثابت کر دیا کہ کسی بھی پیشے اور ذمہ داری سے بڑھ کر انسانی زندگی کی حفاظت اہم ہے۔