ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے جدید جانچ پڑتال اور یو وی (UV) لائٹ کی مدد سے جعلی اطالوی ریزیڈنس پرمٹس اور ایگزٹ اسٹیمپس کی نشاندہی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی مائگریشن کی کوشش ناکام بنادی۔
کارروائی کے دوران سعودی عرب سے واپس آنے والے دو بھائیوں، میر عثمان میران اور عامر حمزہ (ساکنان سیالکوٹ)، کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافر رواں ماہ 6 اکتوبر کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے عمرہ ویزوں پر سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
ابتدائی بیان کے مطابق ان کے والد غلام میران اور اٹلی میں مقیم ایجنٹ طیب نے ان کے لیے غیر ملکی سفری دستاویزات کا انتظام کیا تھا، جس کے عوض ایجنٹ کو 12 لاکھ روپے منتقل کیے گئے۔ منصوبے کے تحت دونوں بھائیوں کو کوسوو پہنچ کر پناہ کی درخواست دینا تھی اور وہاں سے غیر قانونی طور پر اٹلی میں داخل ہونا تھا۔
ابتدائی جانچ کے دوران اطالوی ریزیڈنس پرمٹس اور میلان کے ایگزٹ اسٹیمپس مشکوک پائے گئے۔ کوسوو امیگریشن حکام نے بھی ان پرمٹس کو مشکوک قرار دے کر مسافروں کو داخلے سے روک کر واپس بھیج دیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر تفصیلی جانچ اور یو وی لائٹ کی مدد سے دستاویزات کی جعلی ہونے کی تصدیق ہوئی، جبکہ مسافروں کے قبضے سے مشتبہ پرمٹ، واٹس ایپ چیٹس کا ریکارڈ، کوسوو ہوٹل بکنگ کی دستاویزات اور 550 یورو بھی برآمد کر لیے گئے۔ ایف آئی اے اب ایجنٹ کے کردار، مالی لین دین اور واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔