کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے اور اسے بنانے میں کتنے سال لگے؟ یہ منفرد سرنگ سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے، جس کی لمبائی تقریباً 57.1 کلومیٹر ہے۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل (Gotthard Base Tunnel) نامی یہ سرنگ سوئس الپس کے پہاڑوں کے نیچے تعمیر کی گئی ہے اور اسے دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس سرنگ پر ٹرینوں کی آمدورفت 11 دسمبر 2016 کو شروع ہوئی۔ یہ سوئٹزرلینڈ کے شہروں زیورخ اور لوگانو سمیت شمالی اور جنوبی یورپ کے درمیان ریلوے رابطے کو بہتر بناتی ہے۔
تقریباً 12 ارب سوئس فرانک کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کی تعمیر میں لگ بھگ 17 سال لگے، جبکہ ابتدائی تخمینہ تقریباً 6 ارب فرانک تھا۔ اس کی تعمیر کا آغاز 1999 میں ہوا تھا۔
اس سرنگ کی ایک اور حیران کن خصوصیت یہ ہے کہ یہ پہاڑوں کے نیچے تقریباً 2,300 میٹر گہرائی تک پہنچتی ہے۔ یہاں سے مسافر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار سے گزرتی ہیں۔
اس منصوبے کی تجویز پہلی مرتبہ 1947 میں پیش کی گئی تھی، تاہم مختلف وجوہات اور عوامی مخالفت کے باعث اس پر عملی کام کئی دہائیوں تک شروع نہ ہوسکا۔ بالآخر 1992 اور 1998 کے ریفرنڈم میں سوئس عوام نے اس منصوبے کی حمایت کی۔
اس سرنگ کی تعمیر سے سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے درمیان ریلوے سفر مزید تیز اور آسان ہوگیا جبکہ زیورخ اور میلان کے درمیان سفری وقت میں بھی تقریباً آدھے گھنٹے کی کمی آئی۔ اس منصوبے نے جاپان کی سیکان ٹنل کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کا اعزاز حاصل کیا۔