وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام پر بینکوں کے سربراہان سے اہم مشاورت کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو وسعت دینے اور اس کے استعمال میں تیزی لانے کے لیے بینکوں کو زیادہ فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت خزانہ کے مطابق بلال اظہر کیانی نے کراچی میں پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں مختلف بینکوں کے صدور، چیف ایگزیکٹو افسران اور چیف ڈیجیٹل افسران کے ساتھ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، راست (Raast) کے چیف ایگزیکٹو اور کرندااز کے حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر مملکت کو وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان منصوبے پر پیش رفت، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال اور سرکاری ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مالی سال 2026 کے لیے مقرر کردہ اہداف اور ان کے حصول میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
بلال اظہر کیانی نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور کیش لیس معیشت کے قیام کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس مقصد کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے، جن میں راست کیو آر سبسڈی بھی شامل ہے، جس کے ذریعے تاجروں پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) کے اخراجات کم کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے اس سبسڈی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی اپنے اہداف کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئے اشاریے متعارف کرانے اور اضافی اہداف مقرر کرنے پر کام کررہی ہے، تاکہ ملک میں ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ بینکوں کے چیف ڈیجیٹل افسران، راست کے چیف ایگزیکٹو اور کرندااز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرکے ٹھوس تجاویز مرتب کی جائیں، جنہیں وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مشاورت میں کیو آر سمیت مختلف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے طریقہ کار کو صارفین کے لیے آسان اور مؤثر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان منصوبے میں کرندااز کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے بینکنگ سیکٹر کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کا اجلاس کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مہینوں میں بھی بینکوں کے ساتھ اس منصوبے پر مزید مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم اور حکومت کی جانب سے کیش لیس پاکستان منصوبے کو ترجیح دینے کو سراہتے ہوئے قومی ہدف کے حصول کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔