کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان کی اپنے ہی گھر میں نہیں چلتی، اداکار کا دلچسپ انکشاف

image

"منت دراصل گوری کا گھر ہے، میری وہاں بالکل نہیں چلتی۔ مجھے گھر کے تقریباً کسی بھی معاملے میں فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں۔ نہ میں وائی فائی کے بارے میں کچھ کہہ سکتا ہوں، نہ بستر پر بیٹھ کر کھانا کھا سکتا ہوں۔ گھر کی دیواروں کے رنگ، پینٹنگز، فرنیچر، سیڑھیاں، لفٹ، چھت، فانوس اور لائٹس، کسی چیز کے بارے میں میری رائے نہیں چلتی۔ گھر کے تمام فیصلے گوری ہی کرتی ہیں۔"

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنی نجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فلمی دنیا میں تو ان کی بادشاہت چلتی ہے، لیکن اپنے گھر منت میں تمام اختیارات اہلیہ گوری خان کے پاس ہیں۔

دبئی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معروف فلم ساز کرن جوہر نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ وہ کون سے کام ہیں جو انہیں اپنے ہی گھر میں کرنے کی اجازت نہیں؟ اس پر اداکار نے مزاحیہ انداز میں جواب دے کر وہاں موجود لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

شاہ رخ خان نے بتایا کہ ان کے شاندار گھر منت کی سجاوٹ سے لے کر روزمرہ کے معاملات تک زیادہ تر فیصلے گوری خان کرتی ہیں اور وہ ان معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔

گفتگو کے دوران اداکار نے اپنی زندگی کے مشکل دنوں کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمری میں والدین کے انتقال کے بعد ان کے پاس اپنا کوئی گھر نہیں تھا، اس لیے شادی کے بعد ذاتی رہائش خریدنا ان کے سب سے بڑے خوابوں میں شامل تھا۔

شاہ رخ خان کے مطابق گوری کے ساتھ مل کر خریدا گیا پہلا گھر ان کی مالی حیثیت سے زیادہ مہنگا تھا، جبکہ مشہور بنگلہ منت خریدتے وقت بھی انہیں اسی طرح کے مالی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

اداکار نے گھر کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان دنیا بھر کی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد اپنے گھر میں ہی سکون اور تحفظ محسوس کرتا ہے۔ گھر وہ جگہ ہے جہاں انسان خود کو سنبھالتا ہے اور زندگی کی مشکلات کا دوبارہ مقابلہ کرنے کی ہمت حاصل کرتا ہے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم کنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی ریلیز 24 دسمبر کو متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US