بالی ووڈ کی مشہور فلم ’جوش‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار شرد کپور کی ایک ویڈیو نے مداحوں کو افسردہ کردیا، جس میں وہ اپنے چار پالتو کتوں سے جدائی کے موقع پر جذباتی دکھائی دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ ویڈیو ممبئی کے جانوروں کی فلاح و بہبود کے ادارے ’بے زبان پبلک ویلفیئر ٹرسٹ‘ کی ہیما چودھری نے شیئر کی، جنہوں نے بتایا کہ اداکار ان دنوں صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں خود بھی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
اطلاعات کے مطابق شرد کپور اپنی اہلیہ اور نومولود بچے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ان کے لیے چار پالتو کتوں کی ذمہ داری سنبھالنا مشکل ہوگیا ہے۔ اسی وجہ سے کتوں کو بہتر دیکھ بھال کے لیے جانوروں کے فلاحی مرکز منتقل کیا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں اپنے پالتو جانوروں سے بچھڑتے ہوئے اداکار کی جذباتی کیفیت دیکھ کر مداح تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم شرد کپور کی بیماری کی نوعیت اور صحت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔