"میں کون ہوتا ہوں اپنی بیوی، بھائی یا گھر والوں پر اپنی مرضی مسلط کرنے والا؟ رمشا نے سوشل میڈیا پر لوگوں کا ردعمل دیکھ کر خود شوبز سے دور ہونے کا فیصلہ کیا، اس میں میرا کوئی کردار نہیں تھا۔ میں نے اس سے پوچھا بھی تھا کہ کیا تم واقعی ایسا چاہتی ہو؟ تو اس نے کہا ہاں، اور اگر مستقبل میں تم مجھے واپس آنے پر مجبور کرو گے تو بھی میں نہیں مانوں گی۔ الحمدللہ رمشا خوش ہے، لیکن مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگوں کو ہمارے ذاتی فیصلوں سے اتنی پریشانی کیوں ہے؟"
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار خوشحال خان نے اداکارہ رمشا خان سے شادی کے بعد پہلی مرتبہ اپنی ازدواجی زندگی اور اہلیہ کی شوبز سے دوری پر کھل کر بات کی ہے۔
اپنے یوٹیوب شو ٹیک اے ہائیک میں میزبان حسن چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ شادی کے بعد سوشل میڈیا سے غائب ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، تاہم لوگوں کے منفی رویے اور مسلسل تنقید کے بعد رمشا نے خود میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
خوشحال خان نے شادی کے دوران ہونے والی نسلی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور رمشا کو صرف پختون ہونے کی وجہ سے شدید نفرت اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ رمشا کا تعلق بھی یوسفزئی پختون خاندان سے ہے، لیکن انہیں حیرت ہوئی کہ لوگ آج بھی کسی کی قومیت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
اداکار نے واضح کیا کہ وہ کسی قوم یا ثقافت کے خلاف نہیں ہیں۔ ان کے پنجابی اور سندھی دوست بھی ہیں اور وہ کسی کو پسماندہ یا تنگ نظر نہیں سمجھتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر لوگ مختلف قوموں کے ساتھ منفی سوچ اور مخصوص رویے کیوں منسوب کرتے ہیں؟
واضح رہے کہ خوشحال خان ڈراموں محبت گمشدہ میری، وحشی، دنیاپور، مشکل اور بریانی سمیت کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔