مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں تجارتی خسارہ 15.97 فیصد اضافے سے 14.62 ارب ڈالر تک پہنچ گیا

image

رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران درآمدات میں اضافے کی رفتار برآمدات کے مقابلے میں تیز رہنے کے باعث ملک کے تجارتی خسارے میں سالانہ بنیادوں پر 15.97 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی برآمدات 11.33 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 10.44 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.52 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح اکتوبر 2026 میں برآمدات کا حجم 2.92 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ برس اکتوبر کے 2.84 ارب ڈالر سے 2.84 فیصد زائد ہے، جبکہ ستمبر کے 2.92 ارب ڈالر کے مقابلے میں اکتوبر میں برآمدات معمولی اضافے کے ساتھ 2.929 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں درآمدی بل 12.59 فیصد اضافے سے 25.96 ارب ڈالر ہو گیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 23.06 ارب ڈالر تھا۔ اکتوبر 2026 میں درآمدات 6.80 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ برس اکتوبر کے 6.08 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11.81 فیصد زیادہ ہیں۔

برآمدات کے مقابلے میں درآمدات بڑھنے سے چار ماہ کا مجموعی تجارتی خسارہ 14.62 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 12.61 ارب ڈالر سے 15.97 فیصد زائد ہے۔ اکتوبر 2026 میں تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر 19.70 فیصد اضافے کے ساتھ 3.87 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال اکتوبر میں 3.23 ارب ڈالر تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US