ایچ بی ایل وفد کی وزیر خزانہ سے ملاقات، سرمایہ کاری اور ترجیحی شعبوں میں قرضوں کی فراہمی پر گفتگو

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نصیر سلیم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں اقتصادی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری کے لیے وسائل کی فراہمی، ترجیحی شعبوں کو قرضوں کی فراہمی اور نجی شعبے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیر خزانہ نے ملکی مالیاتی شعبے کی معاونت اور بینکاری خدمات کے فروغ میں ایچ بی ایل کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بینکاری نظام کاروباری سرگرمیوں، مالیاتی شمولیت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایس ایم ایز، زراعت، ہاؤسنگ اور پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفیکیشن (PAVE) اسکیم کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو پیداواری شعبوں کی جانب مالی وسائل کی فراہمی اور مالیاتی شمولیت کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔

ملاقات کے دوران انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی مزید ترقی کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایچ بی ایل وفد نے بینک کے بین الاقوامی نیٹ ورک اور بیرون ملک منڈیوں میں رسائی سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

وفد نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) 2.0 کے حوالے سے بھی اپنے نقطۂ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ توسیع شدہ سہولیات پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور اس میں مزید لوگوں کی شمولیت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیر خزانہ نے قابل عمل سرمایہ کاری منصوبوں کے لیے موزوں مالیاتی ڈھانچے تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طویل المدتی سرمایہ کی ضروریات پوری ہوں اور نجی شعبے کی شمولیت میں اضافہ کیا جا سکے۔

ملاقات میں حکومت اور ایچ بی ایل کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، پاکستان کو کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک کے طور پر اجاگر کرنے اور بین الاقوامی کاروباری روابط کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینکاری شعبے کے ساتھ قریبی رابطہ سرمایہ کاروں کی سہولت، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل میں اہم ہے۔ انہوں نے بینکاری شعبے پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاری کے فروغ، مالی سہولیات میں توسیع اور ملکی معاشی ترجیحات کی تکمیل کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔

ایچ بی ایل کے وفد میں ہیڈ آف انٹرنیشنل بینکنگ فرحان طالب، سینئر نمائندہ و ہیڈ آف اسٹریٹیجی پروجیکٹس محمد علی اور ہیڈ آف چائنا کوریج ذیشان اے ملک شامل تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US