’’میری بیٹی تو دنیا سے چلی گئی، اب میری عزت کو یوں پامال نہ کریں‘‘ ننھی ایزل کی والدہ عدالت میں لگنے والے الزامات پر رو پڑیں

image

’’ایزل کے والد کہتے ہیں کہ اس کیس کو یہاں تک وہ لے کر آئے ہیں اور میں نے کیس خراب کیا ہے۔ اگر وہ مجھے قصوروار سمجھتے ہیں یا انہیں لگتا ہے کہ میں قاتل ہوں تو وہ مجھے گرفتار کروا کر میری تفتیش کروا سکتے ہیں۔ مجھے اب زندگی میں کچھ کھونے کا ڈر نہیں، میرے پاس صرف میری عزت بچی ہے، خدارا اسے اس طرح پامال نہ کریں۔

میں نے نہ کسی کا گھر خراب کیا ہے اور نہ کسی کے ساتھ کچھ غلط کیا ہے۔ مجھ پر کبھی شہرت حاصل کرنے کے الزامات لگائے جاتے ہیں، کبھی فنڈز کے نام پر باتیں بنائی جاتی ہیں اور کبھی کوئی نیا الزام سامنے آجاتا ہے۔ میرا ان سب چیزوں سے کوئی تعلق نہیں۔ خدا کے لیے مجھے اور میرے والد کو جینے دیں۔ میرے والد بہت اچھے انسان اور بہترین باپ ہیں، وہ اپنی بیٹی کی وجہ سے ایسی باتیں سننے کے مستحق نہیں ہیں۔‘‘

یہ درد بھری فریاد کراچی میں مبینہ زیادتی اور قتل کا نشانہ بننے والی 18 ماہ کی ننھی ایزل کی والدہ کی ہے، جو اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کی جدوجہد کے دوران اب خود الزامات اور تنقید کا سامنا کر رہی ہیں۔

کراچی میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ننھی ایزل کو مبینہ طور پر اس کے اپنے ہی ایک رشتے دار نے اغوا کیا تھا۔ بچی کو متعدد بار جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا۔ اس واقعے نے شہریوں کو شدید صدمے سے دوچار کیا تھا۔

ایزل کی والدہ اپنی بیٹی کی اکیلے پرورش کر رہی تھیں۔ بچی کی موت کے بعد انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے قانونی جنگ شروع کی، تاہم عدالتی کارروائی کے دوران ان کے سابق شوہر اور دیگر افراد کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات نے ان کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں ایزل کی والدہ اپنی بیٹی کے کیس کی تازہ صورتحال بتاتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگیں۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ بیٹی کے لیے انصاف مانگنے کے بجائے انہیں بار بار اپنی بے گناہی ثابت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ایزل کی والدہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اپنی کمسن بیٹی کھو دینے والی ماں کو مزید ذہنی اذیت دینے کے بجائے اصل مجرم کو قانون کے مطابق سزا دلانے پر توجہ دی جانی چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US