چین میں ایک حجام کا منفرد انداز سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، جہاں صرف ایک بال رکھنے والے شخص کو بھی سیلون کی تمام سہولتیں فراہم کی گئیں۔
لاؤ چیاؤ نامی حجام کی دکان پر ایک درمیانی عمر کا شخص بال بنوانے پہنچا، جس کے سر پر محض ایک بال موجود تھا۔ اس غیر معمولی صورتحال کے باوجود حجام نے اپنا کام پوری سنجیدگی سے انجام دیا۔ اس نے گاہک کا سر شیمپو سے دھویا، کنڈیشنر لگایا اور مالش بھی کی۔
واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر سامنے آئی تو صارفین نے حجام کے رویے کو خوب سراہا۔ کئی لوگوں کے لیے یہ منظر دلچسپ تھا، جبکہ دیگر نے اسے پیشہ ورانہ ذمہ داری کی ایک اچھی مثال قرار دیا۔
اس واقعے کی خاص بات یہ ہے کہ حجام نے گاہک کی ظاہری حالت کے بجائے اپنی خدمات کو اہمیت دی اور اسے وہی توجہ دی جو کسی دوسرے شخص کو دی جاتی ہے۔