بیوی کمائے، میں گھر سنبھالوں گا! بھارتی شخص کی شادی کے لیے انوکھی شرط

image

بھارت میں ایک شخص نے شادی کے لیے اپنی غیر روایتی خواہشات بیان کرکے سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث چھیڑ دی۔ اس شخص کو ایسی شریکِ حیات کی تلاش ہے جو ملازمت یا کاروبار کے ذریعے گھر کی مالی ذمہ داریاں پوری کرے، جبکہ وہ خود گھریلو معاملات سنبھالے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ شادی کے بعد کل وقتی گھریلو شوہر کی زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ اس کے لیے وہ کھانا بنانے، گھر کی صفائی، کپڑے دھونے اور روزمرہ کے دیگر کام انجام دینے کو تیار ہے۔

تاہم اس نے ہونے والی بیوی کے لیے ایک مالی شرط بھی رکھی ہے۔ اس کے مطابق خاتون کی سالانہ آمدنی کم از کم 12 لاکھ بھارتی روپے ہونی چاہیے تاکہ گھر کے اخراجات آسانی سے پورے کیے جاسکیں۔

اس شخص نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ مستقبل میں بچے نہیں چاہتا، اس لیے اس کی شریکِ حیات کا بھی اس فیصلے سے متفق ہونا ضروری ہے۔ اس کے نزدیک کامیاب ازدواجی زندگی کی بنیاد باہمی احترام، محبت اور ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم پر ہونی چاہیے۔

پوسٹ سامنے آنے کے بعد صارفین کی رائے تقسیم ہوگئی۔ کچھ لوگوں نے اس سوچ کو روایتی ازدواجی کرداروں سے ہٹ کر ایک مختلف انتخاب قرار دیا، جبکہ بعض نے سوال کیا کہ کیا یہ شخص خود بھی شادی میں آنے والی مالی اور عملی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوگا؟

اس غیر معمولی مطالبے نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ شادی میں کمانے اور گھر چلانے کی ذمہ داریاں روایتی انداز میں ہی تقسیم ہونی چاہئیں یا میاں بیوی اپنی باہمی رضامندی سے مختلف طریقہ بھی اختیار کرسکتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US