آسٹریلیا میں کروڑوں سرخ کیکڑوں کی یلغار، سڑکیں ٹریفک کے لیے بند

image

آسٹریلیا کے کرسمس آئی لینڈ پر ان دنوں ایک حیرت انگیز قدرتی منظر دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں کروڑوں سرخ کیکڑے جنگلات سے نکل کر سمندر کی جانب سالانہ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ کیکڑوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں، پتھریلے راستوں اور خصوصی پلوں کو سرخ رنگ میں ڈھک دیا ہے جس کے باعث کئی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بارشوں کے موسم کے آغاز کے ساتھ سرخ کیکڑوں کی یہ نقل مکانی شروع ہوتی ہے جس میں نر اور مادہ کیکڑے جنگلات سے ساحلی علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کا سفر صرف بارشوں ہی نہیں بلکہ چاند کی گردش اور سمندری لہروں کے اتار چڑھاؤ سے بھی جڑا ہوتا ہے۔

کیکڑوں کی نقل مکانی کا حیران کن پہلو یہ ہے کہ مادہ کیکڑے چاند کی آخری تاریخوں میں طلوع آفتاب سے پہلے سمندر میں انڈے چھوڑتی ہیں، جب اونچی سمندری لہر واپس اترنا شروع ہوتی ہے۔ ایک مادہ کیکڑا ایک وقت میں ایک لاکھ تک انڈے دے سکتی ہے۔

ساحل پر پہنچنے کے بعد نر اور مادہ کیکڑے زمین میں بل بناتے ہیں، مادہ تقریباً دو ہفتے تک انڈوں کی نشوونما کا انتظار کرتی ہے۔ مناسب وقت آنے پر مادہ کیکڑے سمندر میں انڈے چھوڑ دیتی ہیں۔ انڈوں سے نکلنے والے ننھے لاروا تقریباً ایک ماہ سمندر میں گزارنے کے بعد چھوٹے کیکڑوں کی شکل اختیار کرتے ہیں اور دوبارہ جنگلات کی جانب سفر شروع کر دیتے ہیں۔

کروڑوں کیکڑوں کی اس نقل مکانی کے دوران حادثات سے بچانے کے لیے حکام نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ سڑکوں کے نیچے گزرگاہیں، خصوصی پل اور رکاوٹیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ ضرورت کے مطابق سڑکیں عارضی طور پر بند بھی کر دی جاتی ہیں۔

پارکس آسٹریلیا کے مطابق بحرہند میں واقع کرسمس آئی لینڈ پر سرخ کیکڑوں کی مجموعی آبادی کا تخمینہ تقریباً 10 کروڑ ہے۔ یہ کیکڑے جنگلات میں گرے ہوئے پتے اور پودوں کی باقیات کھا کر قدرتی ماحول کا توازن برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US