نوکری چھوڑ کر گھر جیسا کھانا بیچنا شروع کیا، بھارتی جوڑے نے 9 ماہ میں 56 لاکھ روپے کما لیے

image

بھارت میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ایک نوجوان جوڑے نے روزمرہ زندگی کی مشکل کا ایسا حل تلاش کیا جو بعد میں ان کے لیے کامیاب کاروبار بن گیا۔ بنگلورو کے رہائشی دیا کرشنا کمار اور آدتیہ نٹراجن نے ملازمت چھوڑ کر گھر جیسے صحت بخش کھانوں کی فراہمی شروع کی اور جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران 56 لاکھ بھارتی روپے کی آمدن حاصل کی۔

دونوں تین سال سے زیادہ عرصے تک آئی ٹی کمپنی میں ملازمت کرتے رہے، جہاں مصروف شیڈول کے باعث روزانہ کھانا پکانا مشکل ہوتا تھا۔ باہر سے کھانا منگوانے کی سہولت تو موجود تھی، لیکن مناسب قیمت پر سادہ اور متوازن غذا آسانی سے دستیاب نہیں تھی۔ اسی ضرورت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنی فوڈ سبسکرپشن سروس متعارف کروانے کا فیصلہ کیا۔

ستمبر 2024 میں جوڑے نے اپنی جمع پونجی سے 15 لاکھ بھارتی روپے لگائے اور چھ افراد کی ٹیم کے ساتھ کاروبار شروع کیا۔ ان کی سروس میں دال، سبزی، روٹی، چکن اور دیگر غذائیت سے بھرپور پکوان شامل کیے گئے، جبکہ کھانوں کی تیاری میں ماہر غذائیت کی رہنمائی بھی حاصل کی گئی۔

ابتدا میں دوستوں اور رشتہ داروں سے رائے لینے کے بعد سروس کو بہتر بنایا گیا۔ بعد ازاں ایک ماہر غذائیت کی سوشل میڈیا ویڈیو نے کاروبار کو پہچان دلائی اور پہلے 100 گاہک مل گئے۔ کمپنی نے کھانے پہنچانے کے لیے دوبارہ استعمال ہونے والے خصوصی کنٹینرز بھی متعارف کروائے۔

اس کاروبار نے پہلے سال تقریباً 45 لاکھ روپے کی آمدن حاصل کی جبکہ 2026 کے ابتدائی 9 ماہ میں یہ رقم 56 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ اب تک 1500 سے زائد صارفین اس سروس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں اور 55 ہزار سے زیادہ کھانے فراہم کیے جا چکے ہیں۔

اگرچہ گیس کی قلت سمیت بعض مسائل نے کاروبار کو متاثر کیا، تاہم جوڑا اب بنگلورو میں اپنی خدمات بڑھانے اور مستقبل میں دوسرے شہروں تک پہنچنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

دیا اور آدتیہ کی کہانی ظاہر کرتی ہے کہ روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی ایک عام پریشانی بھی کاروبار کی بنیاد بن سکتی ہے، بشرطیکہ اس کا عملی حل تلاش کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US