شمالی علاقوں میں سیمنٹ 1.25 فیصد سستا، جنوبی شہروں میں 0.47 فیصد مہنگا ہوگیا

image

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک بھر میں سیمنٹ کی پرچون قیمتوں میں ملا جلا رجحان رہا، جہاں شمالی شہروں میں نرخوں میں کمی جبکہ جنوبی علاقوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

19 نومبر کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1.25 فیصد کمی کے ساتھ 1,569 روپے رہی، جو اس سے پچھلے ہفتے 1,588 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے برعکس جنوبی شہروں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 0.47 فیصد اضافے کے بعد 1,597 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ پیوستہ ہفتے یہ نرخ 1,589 روپے فی بوری تھے۔

شہر وار تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1,504 روپے، راولپنڈی میں 1,494 روپے، لاہور میں 1,643 روپے، گوجرانوالہ میں 1,650 روپے، سیالکوٹ میں 1,600 روپے اور فیصل آباد میں 1,550 روپے رہی۔ اسی طرح سرگودھا میں فی بوری نرخ 1,610 روپے، ملتان میں 1,611 روپے، بہاولپور میں 1,650 روپے، پشاور میں 1,562 روپے اور بنوں میں 1,380 روپے ریکارڈ کیے گئے۔

جنوبی شہروں کے اعداد و شمار کے تحت کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط ریٹیل قیمت 1,491 روپے، حیدرآباد میں 1,607 روپے، سکھر میں 1,650 روپے اور لاڑکانہ میں 1,523 روپے رہی، جبکہ کوئٹہ میں فی بوری سیمنٹ 1,610 روپے اور خضدار میں 1,700 روپے میں فروخت ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US