بھارت سے تعلق رکھنے والی فٹنس انفلوئنسر امبیکا ساگر نے اپنے دو بیڈ روم والے فلیٹ کے اندر ہی روزانہ 20 ہزار قدم چلنے کی عادت اپنا کر 14 کلوگرام وزن کم کرنے کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
اس عمل کے دوران ان کا وزن 90 کلوگرام سے کم ہو کر 76 کلوگرام تک آگیا، جس کے لیے انہوں نے نہ تو کسی جم کی رکنیت لی اور نہ ہی ٹریڈ مل یا کسی مہنگے آلے کا سہارا لیا۔
انسٹاگرام پر اپنی ٹرانسفارمیشن ویڈیو اور پرانی ٹی شرٹ میں نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے امبیکا نے بتایا کہ انہوں نے گھر کی دستیاب جگہ کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے اندرونِ خانہ چہل قدمی کو اپنا روزمرہ معمول بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 کلو وزن کم ہونے کے ساتھ سب سے بڑی تبدیلی وہ نظر ہے جس سے وہ آج خود کو دیکھتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے وضاحت کی کہ روزانہ 20 ہزار قدم چلنے کے علاوہ متوازن اور کم کیلوری والی خوراک، تسلسل اور طرزِ زندگی میں چھوٹی مگر روزمرہ کی تبدیلیوں نے ان کی اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔
امبیکا ساگر کے مطابق وزن کم کرنے کا مطلب بھوکا رہنا یا شارٹ کٹس تلاش کرنا نہیں، بلکہ خود اعتمادی اور استقامت کے ساتھ اپنے روزانہ کے معمول پر قائم رہنا ہے۔