قدیم یونان کی 2500 سالہ تاریخ اب ڈیجیٹل اسکرینز پر

image

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں واقع تاریخی ایکروپولس میوزیم کو طویل بحالی کے عمل کے بعد رواں ہفتے سیاحوں اور عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ میوزیم کی تزئین و آرائش پر 62 لاکھ یورو خرچ کیے گئے، جس کے لیے سرکاری فنڈز کے ساتھ نجی عطیات بھی حاصل کیے گئے۔

1874 میں قائم ہونے والا یہ میوزیم جدید یونان کا قدیم ترین میوزیم ہے اور اسے ملک کے پہلے میوزیم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ایکروپولس کی پہاڑی پر واقع پتھر کی اس تاریخی عمارت کی سادہ ساخت کے باعث اکثر سیاح اسے نظرانداز کر دیتے تھے۔

میوزیم کو 2007 میں عوام کے لیے بند کردیا گیا تھا، جس کے بعد اسے انتظامی عمارت کے طور پر استعمال کیا جانے لگا۔ اس کی بندش کے وقت تاریخی مجسموں اور دیگر قیمتی نوادرات کو خصوصی کرینوں کی مدد سے پہاڑی سے نیچے واقع نئے ایکروپولس میوزیم منتقل کردیا گیا تھا۔

یونان کی وزیر ثقافت لینا مینڈونی کے مطابق سات سال تک جاری رہنے والے بحالی کے منصوبے پر مجموعی طور پر 62 لاکھ یورو لاگت آئی۔

بحالی کے بعد میوزیم میں ایسے قدیم نوادرات بھی نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے جو اس سے پہلے کبھی عوام کے سامنے نہیں لائے گئے۔ جدید ڈیجیٹل اسکرینز کے ذریعے زائرین کو تاریخی یادگاروں کی ڈھائی ہزار سالہ تاریخ سے روشناس کرایا جائے گا۔

میوزیم میں ایک خصوصی گیلری بھی قائم کی گئی ہے جہاں وزارت ثقافت کے ماہرین کو قدیم نوادرات کی مرمت اور بحالی کا کام کرتے ہوئے براہ راست دیکھا جا سکے گا۔

اس طرح تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی نسل اور سیاحوں کو قدیم یونان کی تہذیب و تاریخ سے متعارف کرانے کا ایک نیا موقع فراہم کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US