چین میں ایک الیکٹرک گاڑی نے ساری رات خود کو پارک کرنے کی 868 مرتبہ کوشش کرکے سب کو حیران کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ چین کے صوبے انہوئی کی ایک بیسمنٹ پارکنگ میں رات تقریباً 3 بجے پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں گاڑی کو مسلسل آگے پیچھے ہوتے اور پارکنگ کی جگہ درست کرنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔
گاڑی کی غیر معمولی آوازیں سن کر سیکیورٹی گارڈ موقع پر پہنچا تو گاڑی میں کسی کو موجود نہ دیکھ کر حیران رہ گیا۔ بعد ازاں مالک نے سسٹم ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ گاڑی کا خودکار پارکنگ فیچر رات بھر میں 868 مرتبہ فعال ہوا۔
واقعے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی۔ بعض رپورٹس میں اسے سافٹ ویئر کی خرابی جبکہ بعض میں موبائل ایپ کے ذریعے فیچر بار بار استعمال کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے گاڑی کو بھی او سی ڈی ہوگیا ہے!