آسٹریلوی سینیٹر فاطمہ پیمان کا بیٹی کو گود میں اٹھا کر پارلیمنٹ سے خطاب، دل جیت لیے

image

آسٹریلیا کی پہلی حجاب پہننے والی مسلم سینیٹر فاطمہ پیمان نے اپنی چھ ماہ کی بیٹی عالیہ کو گود میں اٹھا کر پارلیمنٹ سے خطاب کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس خوبصورت منظر نے نہ صرف لوگوں کے دل جیت لیے بلکہ ملازمت پیشہ خواتین، ماں بننے کے بعد پیش آنے والی مشکلات اور کام کی جگہ پر خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بحث چھیڑ دی۔

25 نومبر 2026ء کو آسٹریلوی سینیٹ کے اجلاس کے دوران فاطمہ پیمان اپنی بیٹی کو گود میں لیے پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرتی دکھائی دیں۔ اس دوران ان کے پیچھے بیٹھی ساتھی سینیٹر لیڈیا تھورپ بھی ننھی عالیہ کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلتی نظر آئیں، جس نے اجلاس کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔

فاطمہ پیمان مغربی آسٹریلیا کی پہلی سینیٹر ہیں جن کے ہاں دورانِ رکنیت بچے کی پیدائش ہوئی۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی بیٹی کو سینیٹ کے اجلاس میں لا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماں بننے کے ہر لمحے کو بھرپور انداز میں محسوس کیا، تاہم بچے کی پیدائش کے بعد جسمانی بحالی، نومولود کی دیکھ بھال اور پارلیمانی ذمہ داریوں کو ایک ساتھ نبھانا انتہائی مشکل ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی پارلیمنٹ کے قواعد کے تحت سینیٹرز کو اجلاس کے دوران اپنے شیرخوار بچوں کو دودھ پلانے اور مختصر وقت کے لیے ان کی دیکھ بھال کرنے کی اجازت ہے، تاکہ وہ اپنی گھریلو اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ساتھ ساتھ نبھا سکیں۔

فاطمہ پیمان 1995ء میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیدا ہوئیں اور 2003ء میں بطور مہاجر اپنے خاندان کے ساتھ آسٹریلیا کے شہر پرتھ منتقل ہوئیں۔ وہ 2022ء میں محض 27 سال کی عمر میں سینیٹر منتخب ہوئیں اور آسٹریلیا کی وفاقی پارلیمنٹ میں پہنچنے والی پہلی افغان نژاد آسٹریلوی اور حجاب پہننے والی پہلی مسلم خاتون بنیں۔

انہوں نے آسٹریلین لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاسی سفر کا آغاز کیا، تاہم فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے معاملے پر پارٹی مؤقف سے اختلاف کے بعد جولائی 2024ء میں پارٹی چھوڑ دی۔ بعدازاں انہوں نے ’آسٹریلیاز وائس‘ کے نام سے اپنی سیاسی جماعت قائم کی۔

فاطمہ پیمان کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔ یہ منظر اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ ماں بننا خواتین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں رکاوٹ نہیں، بلکہ مناسب سہولیات اور معاون ماحول کی فراہمی سے خواتین اپنی دونوں ذمہ داریاں بخوبی نبھا سکتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US