ترکیہ: سمندر کی تہہ سے غوطہ خور کو کالے جادو میں استعمال ہونے والی پُراسرار ’ووڈو ڈول‘ مل گئی

image

ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں سمندر کی صفائی پر مامور ایک پیشہ ور غوطہ خور نے زیرِ آب ریت میں دبا ہوا لکڑی کا ایک پُراسرار ڈبہ برآمد کیا ہے، جس کے اندر سے سوئیوں اور عجیب و غریب علامات سے لیس ایک گڑیا ملی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق 36 سالہ علی کلیچ، جو گزشتہ چودہ برسوں سے غوطہ خوری کے شعبے سے وابستہ ہیں، اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ انطالیہ کے ساحل کے قریب صفائی کی مہم میں مصروف تھے کہ انہیں زنجیروں میں مضبوطی سے جکڑا ہوا یہ صندوقچہ ملا۔ صندوقچہ کھولنے پر اس میں سے ہاتھ سے تیار کردہ رسی کی ایک گڑیا برآمد ہوئی، جس کے سر اور جسم کے دیگر حصوں میں سوئیاں پیوست تھیں۔

علی کلیچ کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ اس سے قبل بھی سمندر کی تہہ سے کئی تالے اور دیگر اشیاء نکال چکے ہیں، تاہم ایسی پُراسرار چیز پہلی بار دیکھی ہے۔ ان کے گمان کے مطابق یہ ’ووڈو ڈول‘ ہے جسے ممکنہ طور پر جادو ٹونے کی کسی رسم میں استعمال کیا گیا ہوگا۔

واقعے میں مزید تجسس اس وقت پیدا ہوا جب غوطہ خوروں نے ڈبے سے گندھک جیسی تیز بو محسوس کرنے کی نشاندہی کی، جبکہ گھر واپسی پر دونوں افراد کو شدید سر درد کی شکایت بھی لاحق ہوئی۔ تاحال اس گڑیا کی تاریخ اور اس کے پسِ پردہ اصل محرکات کی سرکاری یا سائنسی سطح پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US