باپ کی موت سے بے خبر بیٹی کی رخصتی، بھائیوں نے حقیقت کیوں چھپائی؟

image

بھارتی ریاست راجستھان میں شادی والا گھر اچانک ماتم کدہ بن گیا، جہاں بیٹی کی شادی کی خوشی میں رقص کرنے والا 51 سالہ باپ دل کا دورہ پڑنے سے دنیا چھوڑ گیا۔ اہل خانہ نے صدمے کے باوجود بیٹی کی رخصتی تک اس سے والد کی موت کی خبر چھپانے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 20 نومبر کو ضلع اودے پور کے گاؤں پتیار میں پیش آیا۔ شنکر لال میگھوال اپنی 26 سالہ بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل منعقدہ روایتی تقریب میں شریک تھے کہ اچانک ان کے سینے میں شدید درد اٹھا۔

اہل خانہ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال لے گئے، جہاں سے انہیں اودے پور کے ایم بی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔

شادی کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی تھیں اور اگلے روز بارات آنا تھی۔ ایسے میں دونوں بھائیوں نے اپنی والدہ اور بہن کو بتایا کہ والد آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور فی الحال ان سے ملاقات ممکن نہیں۔

دولہے کے خاندان کو اصل صورتحال سے آگاہ کردیا گیا، جس کے بعد دولہا چند قریبی رشتہ داروں کے ہمراہ اسی رات دلہن کے گھر پہنچ گیا۔ شادی کی رسومات مقررہ وقت سے پہلے 21 نومبر کو علی الصبح 3 بجے مکمل کردی گئیں۔

بیٹی کی رخصتی کے بعد اسی روز شنکر لال کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ خوشی اور غم کے درمیان گزرنے والے ان مشکل لمحات نے پورے خاندان اور مقامی آبادی کو افسردہ کردیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US