مجھے خدا کو دیکھنا ہے، جہاز سے باہر نکالو، پرواز میں مسافر کا ہنگامہ

image

امریکا میں سان ڈیاگو سے شکاگو جانے والی امریکن ایئر لائن کی پرواز میں ایک مسافر نے دورانِ پرواز طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کرکے خوف و ہراس پھیلا دیا، واقعے کے باعث طیارے کا رخ ہنگامی طور پر فینکس کی جانب موڑنا پڑگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ پرواز نمبر 1494 میں پیش آیا، جہاں ایک مسافر اچانک اپنی نشست سے اٹھ کر طیارے کے اگلے حصے میں پہنچ گیا۔ عملے کی بار بار ہدایت کے باوجود اس نے اپنی نشست پر واپس جانے سے انکار کردیا اور طیارے کے دروازے کھولنے کی کوشش شروع کردی۔

عینی شاہدین کے مطابق مسافر چیخ رہا تھا کہ ’’میں خدا کو دیکھنا چاہتا ہوں، مجھے اس طیارے سے باہر نکالو۔‘‘ اس کی غیر معمولی حرکت سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ فضائی میزبانوں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔

صورتحال بگڑنے پر دیگر مسافروں نے بھی عملے کی مدد کی اور مل کر مذکورہ شخص کو قابو کرلیا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق ایک فضائی میزبان نے مسافر کو مزید آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے ڈرنکس کی ٹرالی بھی راستے میں کھڑی کردی۔

مسافر مسلسل مزاحمت کرتا رہا اور ہنگامی لینڈنگ تک عملے اور دیگر مسافروں کو اسے قابو میں رکھنے کی کوشش کرنا پڑی۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے فینکس اسکائی ہاربر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔

امریکن ایئر لائن کے مطابق طیارے کے اترتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مسافر کو طیارے سے اتارنے میں مدد کی۔

پولیس کے مطابق مسافر کو معمولی چوٹیں آنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دیگر مسافروں اور عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تاحال مسافر کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US