خود مشکلات میں مگر ضرورت مندوں کو مفت ساگ پراٹھا کھلانے والی پروین کی کہانی

image

’’ایک حادثے کے بعد جب مجھے لوگوں کا سہارا نہیں ملا تو میں نے فیصلہ کیا کہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی بلکہ اپنی محنت سے روزی کماؤں گی۔ پہلے دال چاول فروخت کرتی تھی، اب ساگ کا موسم ہے تو ساگ اور پراٹھے بناتی ہوں۔ میرے اسٹال پر اگر کوئی ضرورت مند آئے تو اسے مفت کھانا کھلاتی ہوں۔‘‘

یہ کہنا ہے پروین نامی خاتون کا، جنہوں نے مشکل حالات کے سامنے ہار ماننے کے بجائے اپنے ہنر کو روزگار کا ذریعہ بنا لیا۔ ان کے ہاتھ کے بنے مزیدار ساگ اور پراٹھوں کا ذائقہ لوگوں کو دور دور سے ان کے اسٹال تک کھینچ لاتا ہے۔

8 برس سے کھانوں کا اسٹال لگانے والی پروین کا کہنا ہے کہ اکثر وہ اپنے ایک کمرے کے گھر کا کرایہ نہیں دے پاتیں تو ان کے بھائی ان کی مدد کرتےہیں، انھوں نے مریم نواز سے اپیل کی کہ ان جیسی خواتین کو سپورٹ فراہم کی جائے تا کہ حصول روزگار کے لئے کسی کی محتاجی نہ ہو۔ پروین کی کہانی کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ محدود وسائل کے باوجود ان کے دسترخوان سے کوئی ضرورت مند بھوکا نہیں لوٹتا۔ اپنی زندگی کی مشکلات سے لڑتے ہوئے بھی وہ دوسروں کی بھوک کا احساس رکھتی ہیں۔

پروین نے ثابت کیا ہے کہ دوسروں کی مدد کرنے کے لیے دولت مند ہونا نہیں بلکہ بڑا دل ہونا ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US