جس عمر میں انسان کو اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے، اس عمر میں تنہائی کا سامنا کرنے والے دو بزرگوں نے ایک دوسرے کا ساتھ چن لیا۔
بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بلاسپور میں قائم بزرگوں کی رہائش گاہ ’اپنا گھر‘ میں 75 سالہ کنہیا لال اور 63 سالہ سبینہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ دونوں کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق ہوئی، جس میں ادارے کے عملے، وہاں مقیم بزرگوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔
کنہیا لال کی زندگی میں مشکلات کا آغاز اہلیہ کی وفات کے بعد ہوا۔ انہوں نے اپنی ساری جائیداد بھائیوں کے نام کردی، مگر انہی بھائیوں نے انہیں گھر سے نکال دیا۔ بے گھر ہونے کے بعد وہ ایک غار میں رہنے لگے، جہاں سے انہیں 2022 میں نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب کولکتہ کی رہائشی سبینہ راستہ بھٹک کر ہماچل پردیش پہنچ گئی تھیں، جہاں 2025 میں انہیں بزرگوں کے مرکز میں رہائش فراہم کی گئی۔
یہیں دونوں کی ملاقات ہوئی، وقت کے ساتھ دوستی گہری ہوتی گئی اور بالآخر انہوں نے زندگی کے باقی سال ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا۔
شادی کی تقریب میں بلاسپور کی ڈپٹی کمشنر کرن بھادانا نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر انسان سے خوش رہنے اور زندگی کا ساتھی منتخب کرنے کا حق نہیں چھین سکتی۔
نوبیاہتا جوڑا اب ضلع سولن کے علاقے نالہ گڑھ میں قائم ایک اور اولڈ ایج ہوم منتقل ہوگا، جہاں دونوں اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کریں گے۔