دو امریکی شہریوں نے سطحِ سمندر سے 20 ہزار 593 فٹ کی ریکارڈ بلندی پر شطرنج کھیل کر عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 32 سالہ ایڈم وائننگر اور 44 سالہ جوشوا ہوسٹ نے رواں برس 31 مارچ کو ایکواڈور کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ چمبورازو پر شطرنج کی بازی لگائی۔ اس غیر معمولی کارنامے کے بعد انہیں دنیا میں سب سے زیادہ بلندی پر کوئی بھی بورڈ گیم کھیلنے کا باضابطہ ریکارڈ مل گیا ہے۔
اس مہم کے دوران دونوں کھلاڑیوں کو نہ صرف دماغی حکمتِ عملی آزمانی پڑی بلکہ شدید جسمانی آزمائش سے بھی گزرنا پڑا، جہاں خون جما دینے والی سردی، ناموافق موسم اور آکسیجن کی شدید قلت نے کھیل کو انتہائی دشوار بنا دیا تھا۔
ایڈم وائننگر کا اس تجربے کے حوالے سے کہنا تھا کہ شطرنج ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے اور اتنی اونچائی پر اسے کھیلنا زندگی بھر کا یادگار لمحہ بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس ہدف کے حصول کے لیے دونوں دوستوں نے طویل عرصے تک کوہ پیمائی کی مشقیں کیں اور مختلف بلند مقامات پر جا کر شطرنج کھیلنے کی تربیت حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ عالمی ریکارڈ برطانوی شہریوں ٹم ما اور نیل لافٹن کے پاس تھا، جنہوں نے 17 ستمبر 2024ء کو نیپال کے پہاڑ پوتھا ہنچولی پر 20 ہزار 393 فٹ کی بلندی پر شطرنج کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔