چیئرمین پی سی بی کا کاکول میں کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا دورہ

image

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں کاکول کا دورہ کیا اور  پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی20 کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا مشاہدہ کیا۔

پیر کو پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔

مزید کہا گیا کہ فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

چیئرمین نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ان کی فٹنس میں اضافے کے بڑھانے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی۔ ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔

 چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاکستان کی فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ان کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.