اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کا پی ٹی وی سپورٹس پر نشر ہونے والا مشہور پروگرام ”گیم آن ہے“ شائقین کرکٹ میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ پی ٹی وی کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس پروگرام میں کرکٹ کے سابق کھلاڑیوں اور ماہرین کرکٹ کے خصوصی انٹرویوز پیش کئے جا رہے ہیں۔ ”گیم آن ہے“ پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ پروگراموں میں سے ایک ہے، معروف کرکٹ سٹار شعیب اختر ایک مرتبہ پھر پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام ”گیم آن ہے“ میں شامل ہو گئے ہیں جو اپنی ماہرانہ رائے سے شائقین کرکٹ کو آگاہ کرتے رہیں گے۔
آئی سی سی ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ءکے حوالے سے ”گیم آن ہے“ کی خصوصی نشریات میں نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹرز محمد حفیظ اور یونس خان نے خصوصی شرکت کی اور اپنی ماہرانہ رائے کا اظہار کیا۔ مارٹن گپٹل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کامیاب اور تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں، پاکستان کے لئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں کارکردگی دکھانے کا یہ بہترین موقع ہے۔ محمد یونس نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی کے لئے پرامید ہیں، میچ جیتنے کے لئے ہمیں چند کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کی بجائے ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی جیت کر لائے۔ سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کرکٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا بہترین انتخاب کیا گیا ہے، میچ جیتنے کے لئے ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق ملنے سے پاکستان میں کرکٹ کے شائقین پی ٹی وی سپورٹس پر ورلڈ کپ کے تمام میچز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔